وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے مذموم عزائم رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ گرفتار کئے گئے دہشت گردوں میں 2 خود کش بمبار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں عوامی جلسوں کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ اب کنٹینرز ہٹا دئیے گئے ہیں اور تمام سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔
تحریک عدم اعتماد کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران میں بغاوت کی خبر غلط ہے، چوہدری شجاعت کا ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ برقرار رہے گا، ق لیگ ہمارے ساتھ آچکی خواہش اور دعا ہے کہ ایم کیو ایم بھی آجائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر بحث 31 مارچ، جبکہ ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی۔ بعض لوگ ہار کر بھی جیت جاتے ہیں اور بعض لوگ جیت کر بھی ہار جاتے ہیں، قومی عمران خان کے ساتھ ہے یہ بات تو جلسے سے ثابت ہوگئی، امید ہے عمران خان آخری گیند تک کھیلے گا۔