پیپلزپارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم نے پاکستان واپسی کی ٹکٹ بک کروالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے معاملے سے قبل جام عبدالکریم منگل کی صبح غیر ملکی ایئر لائن ای کے612سے اسلام آباد پہنچیں گے۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کی زیرصدارت کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر فروغ نسیم سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق جام عبدالکریم کا نام ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ہونیکے باعث ای سی ایل میں ڈالا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ایف آئی اے کو جام عبدالکریم کا ریڈ وارنٹ بھی جاری کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے ناظم جوکھیوقتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے، انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
پی این آئی ایل 30 روزہ عارضی پابندی کی فہرست ہے جسے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے متبادل کے طور پر 2018 میں متعارف کروایا گیا تھا۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تنازع میں یہ نیا موڑ اس وقت سامنے آیا کہ جب جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ نے ایم این اے کو ضمانت دے دی تو ان کے ٹکٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے مطابق وہ ایک غیر ملکی پرواز کے ذریعے 29 مارچ کو دبئی سے پاکستان پہنچیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی اور ان کے بھائی جام اویس ناظم جوکھیو کو تشدد کے بعد قتل کرنے کے اہم ملزمان ہیں۔
ناظم جوکھیو نے کراچی کے ضلع ملیر کے گاؤں اچر سلار میں رکن اسمبلی کے غیر ملکی مہمانوں کی جانب سے نومبر 2021 میں تلور کے شکار پر مزاحمت کی تھی، جس کے بعد وہ جام اویس کے فارم ہاؤس میں مردہ پائے گئے تھے۔