وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفے اور چوہدری پرویز الٰہی کی نامزدگی پر ترین گروپ میدان میں آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ سیاسی صورتِ حال میں حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا۔جہانگیر ترین نے اراکین کو مشاورتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے، جس پر ترین گروپ نے اپوزیشن، حکومت اور نامزد وزیراعلیٰ سے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع ترین گروپ کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی جانب سے استفعیٰ بھجوانے تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، مزید مشاورت کے لئے ترین نے باضابطہ طور پر مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔عون چوہدری کے مطابق اجلاس کل شام پانچ بجے سینیئر رہنما اسحاق خاکوانی کی رہائش گاہ پر ہوگا، غیر رسمی مشاورت آج بھی جاری رہے گی تاہم تمام اراکین اسمبلی کا باضابطہ اجلاس کل ہوگا۔
ترین گروپ کے اجلاس میں تمام ارکان پنجاب اسمبلی، وزراء اور سینیئر رہنماؤں کو مدعو کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء، مسلم لیگ ن اور چوہدری برادران کے رابطوں سے متعلق جائزہ لیا جائے گا اور پنجاب میں کس کی حمایت کرنا ہے، اس حوالے سے پالیسی بنائی جائے گی۔