وزیراعظم نےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو ہدایت کی نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انہیں اعلیٰ مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے۔
اسلام آباد – (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے کیونکہ ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے۔ہم نوجوانوں کی اس کثیر تعداد کوملک و قوم کے لیے ایک عظیم سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ بہتر تعلیم اور ہنر کے ذریعے ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے۔
نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں۔ ہم ان کی توانائیوں کو اپنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت سمت میں استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوۓ ہیں۔ آج وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو کامیاب جوان پروگرام کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد تسلسل سے نوجوانوں کےلیے روزگار کےمواقع بڑھاناہےجس سے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔ آج وزیراعظم @ImranKhanPTI سے ملاقات میں انھیں @KamyabJawanPK کےحوالے سے دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ #KJ2YearsPerformance pic.twitter.com/J59ktg6UOn
— Usman Dar (@UdarOfficial) November 6, 2021
انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ یوتھ انٹرپرینیور سکیم ( وائی ای ایس) کے تحت دو سال قبل اسکیم کے آغاز سے اب تک 23 ارب روپے مالیت کے16,617 رعایتی کاروباری قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان اسکل فار آل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اب تک 4.7 بلین روپے کی لاگت سے 101,447سکل اسکالرشپس دی جا چکی ہیں
معاون خصوصی نےوزیراعظم کو مستقبل کی منصوبوں پر بریف کرتے ہوئےبتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے فائدے کیلئے مزید 5 منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ ان اقدامات میں 106 یونیورسٹیوں میں کامیاب جوان مراکز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم)، کامیاب جوان انوویشن لیگ، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ، اور کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیز اور اسپورٹس گالا شامل ہیں۔وزیراعظم نے نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں اعلیٰ مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے۔