سیکیورٹی فورسز نے ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں 3 دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئےاسے ناکام بنا دیا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں 6 فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تین مسلح دہشت گردوں نے ٹانک ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کا سیکیورٹی فورسز نے بر وقت اور بھرپور جواب دیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد جام، خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل، ٹنڈوالہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی اور سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تینوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔