سابق وفاقی وزیر و رہنماء پاکستان تحریک انصاف فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اور انہیں قتل کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ہم نے انہیں کئی بار کہا ہے کہ جلسے میں بلٹ پروف شیشہ لگوائیں، لیکن وزیراعظم نے ہمیشہ انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب میری موت لکھی ہوگی چلا جاؤں گا۔
پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم کوقتل کرنے والی بات مراسلے میں لکھی ہے ؟
جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ انہیں قتل کرنے والی بات مراسلے سے جڑی ہوئی ہے، یہ صرف ایک مراسلہ نہیں ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم دلیر ہیں، وہ ملک کا سودا نہیں کریں گے، وزیر اعظم قوم کو جھکنے نہیں دیں گے اور کہیں کسی کو اڈے نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو ملک کو لیڈ کرتے آئے ہیں وہ ان ہی لوگوں کا سرمایہ ہوتے ہیں، ظاہر ہے جو ان لوگوں کا سرمایہ ہوتے ہیں وہ ان کیلئے ہی کام کرتے ہیں، ملک میں جو آج تماشہ لگا ہے اچانک کیوں کہ لگا، سب ایک ہوگئے ہیں، بیرونی آقاؤں کے حکم پر ہماری خارجہ پالیسی تبدیل کر دی جاتی تھی۔