وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارؤف سے بدھ کے روز چین میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی بالخصوص یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیجنگ – (اے پی پی): دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ماسکو کے دوران اور دونوں وزرا خارجہ کے درمیان گزشتہ ماہ کے اوائل میں ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے تناظر میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لڑائی روکنے، انسانی امداد کی فراہمی اور بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے حل کی کوششوں سمیت یوکرین کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی موقف کو بیان کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ روس اور یوکرین سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے اوآئی سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے سفارتی حل کے لئے کوششوں میں تقویت دینے کے لئے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ 29 تا 31 مارچ 2022ء کو افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر ہیں۔