کامیاب جوان پاکستان پروگرام پاکستان کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا،شوکت ترین

31  مارچ‬‮  2022

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کامیاب پاکستان پروگرام کی کامیابی میں تمام شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام ایک اہم سنگ میل منصوبہ ہے جو معاشرے کے معاشی طورپرکمزور طبقے کی زندگیوں کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

وزیرخزانہ نے تمام شراکت داروں پر بلا سود قرضوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں کامیاب پاکستان پروگرام (کے پی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین نیاپاکستان ہاوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، صدر بینک آف پنجاب، چیئرمین ایس ای سی پی، اخوت فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسر، این آرایس پی کے سی ای او اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خزانہ کو کامیاب پاکستان پروگرام کی پیشرفت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی اور بتایا گیا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کو ملک بھر میں توسیع دی گئی ہے۔

وزیرخزانہ کوبتایاگیا کہ یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہو رہی ہیں۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مستحق درخواست گزاروں میں قرضہ جات تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ 48 ہزار سے زائد مستحقین میں 7.5 ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جا چکے ہیں جن میں کاروبار، کسانوں اور مکانات کی تعمیر کے لیے چھوٹے قرضے شامل ہیں۔

اجلاس میں قرضوں تک آسان رسائی اور تقسیم کے عمل میں پیدا ہونے والے آپریشنل مسائل پر بھی بات کی گئی اور کامیاب کسان پروگرام کو فصلوں سے جوڑنے کابھی جائزہ لیاگیا۔

وزیر خزانہ نے کامیاب پاکستان پروگرام کی کامیابی میں تمام شراکت داروں کے تعاون کی تعریف کی اورکہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام ایک سنگ میل منصوبہ ہے جس میں معاشرے کے معاشی طورپرکمزور طبقے کی زندگیوں کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

وزیرخزانہ نے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ بلا سود قرضوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کریں۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیر خزانہ کو پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنے بھرپور تعاون اور شرکت کا یقین دلایا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved