حکومت نے رمضان کے دوران یوٹیلیٹی سٹور پر تاریخی سبسڈی کا اجراء کر دیا

1  اپریل‬‮  2022

ملک بھر کے 4000 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز پر رواں سال رمضان ریلیف پیکج کے تحت 19 بنیادی اشیائے ضروریہ بازار سے بارعایت نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے قلیل مدت میں آٹومیشن کا انتہائی اہم پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا ہے جو کہ 31مارچ 2022کو لائیو ہو جائے گا۔

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آٹومیشن کے پراجیکٹ کی کامیابی سے تکمیل کے بعداس ماہ مبارک یوٹیلیٹی اسٹورز عوام الناس کو شفافیت کے ساتھ بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ اس پیکج کے تحت صارفین کو 20 کلوگرام گندم کے آٹے کا تھیلا 950 روپے میں فراہم کیا جائے گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام گندم کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 سے 1350 روپے کے لگ بھگ ہوگی۔

اسی طرح ایک کلوگرام چینی 85 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں چینی 86 سے 93 روپے میں دستیاب ہوگی۔ یو ایس سی میں ایک کلو گرام سبسڈائزڈگھی کی قیمت 260 روپے ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں خوردنی گھی 470 روپے میں خریدا جا سکتا ہے جبکہ ماہ رمضان کے دوران یو ایس سی میں ایک لیٹر تیل کی قیمت 494 روپے کی بجائے 407 روپے ہوگی۔

دالیں کھانے کا ایک اہم جزو ہیں اور ہمارے ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یو ایس سی دالوں کی معیاری جانچ پڑتال کے بعد خریداری کو یقینی بناتا ہے تاکہ صارفین کو اعلی کوالٹی کی دالیں کم نرخوں پر فراہم کی جا سکیں۔

رواں سال رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 213 روپے میں سفید چنا پیش کر رہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں فی کلوگرام سفید چنے کی قیمت 250 سے 260 روپے ہے۔ اسی طرح بیسن (چکی) ماہ رمضان کے دوران یو ایس سی کے ملک گیر نیٹ ورک پر 190ـ220 روپے کی بجائے 170 روپے کی قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح یو ایس سی میں ایک کلوگرام دال چنا 162 روپے میں ہے اور اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 180 سے 190 روپے فی کلوگرام ہے۔ اسی طرح ایک کلوگرام دال مونگ (دھلی ہوئی) کی قیمت 170 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 180 سے 200 روپے فی کلوگرام ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں دال ماش (دھلی ہوئی) کی قیمت 268 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ایک کلو گرام دال ماش (دھلی ہوئی) کی قیمت 280 سے 320 روپے ہے۔ مزید برآں یو ایس سی میں ایک کلوگرام دال مسور 215 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ایک کلوگرام دال مسور کی قیمت 250 سے 280 روپے ہے۔ جبکہ سیلہ چاول 165روپے، باسمتی چاول 155روپے فی کلو اور ٹوٹا چاول 85روپے فی کلو دستیاب ہونگے رمضان میں ہر سال یو ایس سی پاکستان کے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے اعلی معیار کی کھجوریں خریدتا ہے۔

اس سال بھی گزشتہ سالوں کی طرحملک بھر کے تمام اسٹورز پراعلی کوالٹی کی کھجوریں 140 روپے فی کلوگرام میں کافی مقدار میں دستیاب ہوں گی جبکہ اوپن مارکیٹ 200 سے 240 روپے تک کی قیمتوں میں فی کلوگرام کھجوریں پیش کر رہی ہے۔ رمضان کے مہینے میں چائے، دودھ (یو ایچ ٹی)، اسکواش اور شربت کا استعمال کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

اسی لیے ان مصنوعات کی زیادہ ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے یو ایس سی چائے (950 گرام) 1042 روپے میں فراہم کر رہا ہے جبکہ اسی برانڈ کی اوپن مارکیٹ میں چائے (950 گرام) 1250 روپے میں دستیاب ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں دودھ (یو ایچ ٹی) 142 روپے میں دستیاب ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہی دودھ165 روپے میں دستیاب ہے۔ یو ایس سی میں اسکواش اور شربت (800 ملی لیٹر) 290 روپے کی بجائے 250 روپے اور اسکواش ز اینڈ سیرپ (1500 ملی لیٹر) 437 روپے میں فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں اسکواش اینڈ سیرپ (1500 ملی لیٹر) 495 روپے میں فراہم کرے گی۔

مصالحہ جات، ہماری غذا کا لازمی حصہ ہیں جن پر رمضان ریلیف پیکج کے دوران دس فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ 1500 دیگر غذائی اور غیر غذائی اشیاء (جام، اچار، ڈیٹرجنٹ، شیمپو ،وغیرہ) پر 15 فیصد رعایت ہوگی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved