سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی خدمت کیلئے 11 روبوٹ اور 4 ہزارکارکن تعینات کئے ہیں۔
ریاض – (اے پی پی): عرب ذرائع ابلاغ نے انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ زائرین کو اطمینان اور محفوظ ماحول میں عبادت کا موقع فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے ہیں، مسجد الحرام کے صحنوں میں 24 گھنٹے نگرانی، صفائی، سیناٹائزنگ اور آمد ورفت کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام کیا گیاہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام روزانہ دس مرتبہ صفائی ہوگی، اس مقصد کیلئے چار ہزار سے زیادہ کارکن مامور ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 30 ہزارلیٹرجراثیم کش مادہ، روزانہ 25 سو لیٹر خوشبویات، 35 ہزار لیٹر سینیٹائزر استعمال کیا جائے گا، علاوہ ازیں گیارہ سمارٹ روبورٹ مسجد الحرام کی سیناٹائزنگ کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ 20 لاکھ سے زیادہ زمزم کی بوتلیں تقسیم ہوں گی، 25 ہزار سے زیادہ زمزم کولر مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر رکھے جائیں گے، اس کے علاوہ مسجد الحرام کی تیسری توسیع والی عمارت میں 2500 پانی کی سبیلیں بھی ہوں گی۔
انتظامیہ نے بتایا کہ آذان کے مقام ( المکبریہ) اور جنازے کی نماز کی جگہ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کرنے کا خصوصی انتظام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے اندر روزے داروں کو افطار کرانے کے لیے دو ہزار جبکہ بیرونی صحنوں میں افطار کے لیے 70 اجازت نامے جاری ہوئے ہیں۔