روسی ایوان صدر کریملن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس کو مکمل طور پر عالمی برادری سے علیحدہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان ڈمتری پیسکوف نے روس کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کو کوئی بھی تنہا نہیں کرسکتا، بالخصوص آج کی ترقی یافتہ دنیا میں یہ تکنیکی طور پر ناممکن ہے۔
کریملن کا کہنا تھا کہ دنیا یورپ سے بہت بڑی ہے، جلد یا بدیر ہمیں مستقبل میں مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا بھلے مغرب کیلئے یہ ناقابل قبول ہی کیوں نہ ہو۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد مغربی ممالک نے روس پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں، علاوہ ازیں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سمیت متعدد روسی حکومتی شخصیات پر سفری پابندیاں اور اُن کے اثاثے بھی منجمد کردئیے گئے ہیں۔