پی ڈی ایم بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، لانگ مارچ کرے یا شارٹ مارچ، ہم گھبرانے والے نہیں، وزیر خارجہ

7  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، پی ڈی ایم کی جماعتیں فیڈریشن کی مخالف ہیں، جن  کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ کوئی ایجنڈا،  لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، ہم گھبرانے والے نہیں۔

ملتان – (اے پی پی): این اے 156 میں سورج کنڈ روڈ اور سوئی گیس روڈ کی تکمیل کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کرلے، ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی، ان کی حکومت گرانے کی خواہش ، خواہش ہی رہے گی۔تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو فیڈریشن کی حامی اور قومی سیاسی جماعت ہے، جس کا ایجنڈا قومی اور جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں،  2023ءکے انتخابات میں بھی تحریک انصاف  ہی اقتدار میں آئیگی۔

صرف پاکستان میں مہنگائی کا تاثر دینا غلط ہے

ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی ۔ اقتدار ملا تو خزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، ملک کو اندرون و بیرونی سطح پر بحرانوں کا سامنا تھا۔ ابھی بھی ہمارے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں جن کا ہم نے مقابلہ کرنا ہے۔ مہنگائی بھی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور یہ  ایک عالمی مسئلہ ہے ۔کرونا کے بعد پوری دنیا اس وقت مشکلات میں ہے سب کو مہنگائی کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ صرف پاکستان میں اس کا تاثر دینا غلط ہے۔عالمی سطح پر پیٹرولیم منصوعات کی قیمتو ں میں اضافہ اور اشیاءخوردونوش کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر پاکستان میں بھی ہوا ہے۔اس وقت ہماری پہلی ترجیح عوام کو عالمی سطح پر مہنگائی کے رجحان کے اثرات سے بچانا اور اس کیلئے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ہم موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ مشکل کی گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے۔ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجودمثبت پیشرفت کر رہی ہے۔پاکستان میں معیشت کی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ابھی الیکشن کا وقت نہیں، پی ڈی ایم الیکشن کی تیاریاں شروع نہ کرے

مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات کے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ پاکستان کا ہر شہری سر اٹھا کر چلے۔ وہ پاکستان کے نوجوانو ں کو ایک اچھا مستقبل فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے پاکستان کا ہر شہری خود روزگار کما کر اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کرے ۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت 23 ارب مالیت کے قرضے نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے۔ان کے اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں ایک اچھا مستقبل فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت احساس پروگرام کے ذریعے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ایک محتاط اندازے کے مطابق دو کروڑ سے زائد افراد اس پیکیج سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے پی ڈی ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  ابھی الیکشن کا وقت نہیں آیا ، الیکشن کی تیاریاں نہ کریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved