وزیراعظم نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا حکم دے دیا

8  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش  کی قیمتوں میں اضافے کے متعلق اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں چینی کی  وافر مقدار موجود ہے مگر سندھ کی شوگر ملوں کی بندش کے فیصلے اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے  چینی کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں حکم دیا کہ  چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں  وفاقی وزرا حماد اظہر، فواد چوہدری، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، ڈاکٹر فروغ نسیم، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی، جبکہ ویڈیو لنک سے چیف سیکریٹری پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے سینیئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں حکم جاری کیا کہ چینی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ترمیمی ایکٹ 2021، پنجاب پریوینشن آف ہورڈنگ ایکٹ 2020ء اور پنجاب رجسٹریشن آف گوڈاونز ایکٹ 2014ء کے قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  عالمی مارکیٹ میں اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور چونکہ پاکستان کا درآمدی اشیا پر انحصارزیادہ ہے اس لیے ہماری مقامی مارکیٹ پربھی عالمی مہنگائی کے  اثرات مرتب ہو رہے ہیں، تاہم حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبائی اور ضلعی حکومتیں ہمہ وقت  فیلڈ میں کام کر رہی ہیں، احساس راشن، کامیاب پاکستان، کسان کارڈ، صحت کارڈ اور احساس پروگرام کی دیگر اسکیمیں غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری کی گئی ہیں، عوام کے سامنے حقائق اور اعداد و شمار پیش کئے جائیں اور مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس وقت موجود چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے لایا جائے اور 15 نومبر سے پورے ملک میں گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا جائے، کرشنگ قوانین پر سختی سے عملدرامد کو یقینی بنایا جائے گا، اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved