اسسٹنٹ کمشنر لاہورکینٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر لاہورکینٹ کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق نواز شریف کی جائیداد 135 اپرمال کی نیلامی 19نومبرکو ہوگی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیلامی اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3کے حکم کے مطابق ہوگی ، نیلامی کے مختلف مقامات پر اشتہار بھی لگائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی غیرمنقولہ جائیدادکی نیلامی کا حکم دیا تھا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کی جائیداد نیلامی کے معاملے پر نیب نے احتساب عدالت نمبر 3 میں درخواست دائر کی تھی۔
نیب کی درخواست کے متن میں تحریر تھا کہ حکام کوضبط شدہ جائیدادیں نیلام کرنےکی ہدایت کی جائے، نیب کا درخواست میں موقف تھا کہ نوازشریف نےجان بوجھ کر سرنڈر نہیں کیا ہے۔