عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے پانچ بھارتی فوجی ہلاک،متعدد زخمی

5  اپریل‬‮  2022

بھارتی فوج کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے پانچ فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرنل دیوندر آنند نے بتایا: ’ایک سرچ آپریشن کے دوران ممکنہ طور پر دراندازی کرنے والوں نے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور چار فوجیوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن جاری ہے۔‘

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فوجی اہلکار جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں دہشت گردوں کے خلاف ایک کارروائی میں مارے گئے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر علی الصبح سورن کوٹ کے قریبی گاؤں میں آپریشن کیا گیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے دفاعی ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے سرچ آپریشن میں حصہ لینے والے فوجیوں پر شدید فائرنگ کی، جس سے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت پانچ فوجی بری طرح زخمی ہو گئے۔ بعدازاں پانچوں فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

اس سے قبل آج اننت ناگ اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں ہونے والی جھڑپوں میں دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔

 اگست 2019 میں کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرکے اسے براہ راست مرکز کی حکمرانی میں لانے کے بعد سے مسلم اکثریتی علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے.

 

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved