یورپی یونین نے روس کے 73 سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا

5  اپریل‬‮  2022

 یوکرین جنگ کے ردعمل میں یورپی ممالک اسپین، اٹلی، ڈنمارک اورسویڈن نے مجموعی طور 73 روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے اس اقدام پر کریملن کے ترجمان ڈمتری پیسکوف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے  کہ یورپی ممالک کی جانب سے روسی سفارت کاروں کی اس وسیع پیمانے پر بے دخلی ایک تنگ نظری کا ثبوت ہے جو ماسکو اور یورپ کے درمیان مواصلات کو پیچیدہ بنا دے گی۔ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کا یہ فیصلہ انتقامی اقدامات کا باعث بنے گا۔

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے 25 روسی سفارت کاروں اور سفارت خانے کے عملے کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے ملکی مفادات اور سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے یوکرین کے شہر بوچا میں اجتماعی قبروں کے انکشاف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بے دخلی گزشتہ دنوں یوکرین میں کی گئی خوفناک کارروائیوں کا ردعمل ہے جو کہ خاص طور پر بوچا اور آج ماریوپول سے رپورٹ ہوئیں۔

سویڈن کے وزیر خارجہ این لِنڈے کے مطابق جاسوسی کے الزام میں تین روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کیا جائے گا۔اسی طرح اٹلی کے وزیر خارجہ لوئیگی ڈی مایو نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے ملک نے قومی سلامتی کے پیش نظر 30 روسی سفیروں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب ڈنمارک نے کہا کہ اس نے خود کو سفارت کار ظاہر کرنے والے 15 روسی انٹیلی جنس افسران کو 14 روز میں ملک چھوڑنے  کے احکامات جاری کئے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved