بھارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں طالبات کے بعد اب خواتین ٹیچرز کے حجاب پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی حکومت نے واضح کیا کہ اگرکوئی بھی حجاب پہن کرآتا ہے تواسے امتحانی مرکز میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ریاست میں دسویں جماعت کے امتحانات جاری ہیں حکومت کی جانب سے حجاب سے متعلق احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
کرناٹک کی وزیرتعلیم بی سی نگیش نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکاری احکامات کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلباء کیلئے یونیفارم لازمی ہے، اور اس کا اطلاق ٹیچرز پربھی ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے کرناٹک کے مختلف تعلیمی اداروں نے یونیفارم پر پابندی کی آڑ میں طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کر دی تھی۔ انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف کرناٹک ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی، لیکن عدالت نے بھی ہندوانتہا پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حجاب پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ جاری کیا تھا۔ بعد ازاں فیصلے کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا، لیکن سپریم کورٹ نے کیس کی فوری سماعت سے انکار کر دیا۔