تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری کی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میاں محمودالرشید، ڈاکٹر مراد راس اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کرائی گئی ہے۔
آج اجلاس طلب کیے جانے کے معاملے پر غیریقینی صورتحال برقرار ہے ، ڈپٹی اسپیکر نے آج رات ساڑھے سات بجے اجلاس طلب کیا، سیکریٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کے احکامات ماننے سے انکار کردیا۔
سیکرٹری اسمبلی نے کہا اجلاس کا نوٹی فکیشن16 اپریل کا ہے اور اسے ہی مانا جائے گا، سادہ کاغذ پر اجلاس کبھی نہیں بلایاگیا، اجلاس بلانے کے لیے گزٹ نوٹی فکیشن جاری کرنا پڑتا ہے۔
اس صورتحال کی پیش نظر اسپیکر چوہدری پرویز الٰٰہی کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔سیکورٹی اسٹاف کا کہنا ہے کہ اسپیکر کی ہدایت کی روشنی میں میڈیا اسمبلی کے اندر نہیں جاسکتا ہے جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے اندر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست مزاری گزشتہ روز وزیر اعظم کی طرف سے بلائے جانے والے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، جبکہ وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے وقت گورنر ہاؤس سے چند قدم دور واقع اپنے گھر میں ہی تھے۔