پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جہانگیرترین کی اگلے ہفتے پاکستان واپسی کا قوی امکان ہے، جہانگیر ترین کو ذاتی معالجین نے پاکستان سفر کی اجازت بھی دے دی ہے۔ ترین گروپ کے رکن فیصل جبوانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جہانگیر ترین کو ذاتی معالجین نے پاکستان سفرکی اجازت دے دی، وہ پاکستان واپس آکر گروپ کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین اور دیگر اہلخانہ بھی ہمراہ واپس آئیں گے، جہانگیر ترین گزشتہ ماہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے لندن علاج کیلئے منتقل ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ ترین گروپ کی جانب سے جہانگیر ترین کی واپسی کیلئے تاحال کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ جہانگیرترین گزشتہ ماہ میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن روانہ ہوئے تھے۔ جہانگیرترین کوبرطانیہ آئے ہوئے تقریباً 4 ہفتے ہوچکے ہیں، وہ یہاں اپنا علاج کروارہے ہیں اوراس دوران انہوں نے آج تک کسی میڈیا سے بھی بات نہیں کی جبکہ انہوں نے نیوبیری میں اپنے گھر سے ہی اپنے گروپ کو لیڈ کیا۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے پاکستان میں اپنے ہم خیال ممبران سے ٹیلیفون پررابطے ہیں اوران سے بات چیت بھی ہوتی ہے جبکہ ڈاکٹروں کی تجویز ہے کہ وہ اپنی صحت پر توجہ دیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ لوگوں سے نہیں مل رہے۔