اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری سے اختیارات واپس لینے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔
آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء میاں محمود الرشید نے کہاہےکہ ڈپٹی اسپیکردوست محمد مزاری نے پارٹی کو اعتماد میں لئے بغیر آج کا اجلاس طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی اراکین اور پرویز الٰہی سےمشاورت کے بعد ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا، جبکہ اسپیکر پرویزالٰہی نے جو اختیارات ڈپٹی اسپیکر کو دئیے تھے وہ واپس لے لئے گئے ہیں۔ مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکرنے پارٹی کو اعتماد میں لیے بغیر آج کا اجلاس طلب کیا، اس سےقبل قواعد کے مطابق 16 اپریل کو اجلاس بلایا گیا تھا، لیکن ڈپٹی اسپیکرنےآج اجلاس بلا کر قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسمبلی میں توڑ پھوڑ کے باعث 16 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا، لیکن ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے یہ اجلاس آج شام دوبارہ طلب کر لیا تھا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔