حکومت کا ساتھ چھوڑنے کیلئے ن لیگ کی آفر، مونس الٰہی کا بڑا انکشاف

6  اپریل‬‮  2022

مسلم لیگ ق کے رہنماء مونس الٰہی نے بتایا ہے کہ انہیں حکومت کا ساتھ چھوڑنے کیلئے ن لیگ کی سینئر شخصیت نے آفر کی ہے۔

نجی چینل کے ساتھ انٹرویو میں مونس الٰہی نے کہا کہ چار پانچ  روز قبل مسلم لیگ ن کی سینئر شخصیت نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں بگڑا، وقت ہے حکومت کا ساتھ چھوڑنے کیلئے فیصلہ کر لیں۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ہم نے بطور خاندان اور جماعت یہ فیصلہ کیا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں، ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں جب سیاست میں آیا تو چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی نے ایک بات بتائی تھی کہ شریف خاندان پر اعتبار نہیں کرنا، اس لئے ہم نے پاکستان کے مستقبل کا سوچ کر فیصلہ کیا۔

رہنماء ق لیگ کا کہنا تھا کہ شریف برادران الیکشن میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، ورنہ اسمبلیوں کا فیصلہ تو ہو چکا ہے، الیکشن میں جا کر دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویزخٹک، اسدعمر اور شاہ محمود قریشی نے آخری وقت تک ہمیں وہ حماقت کرنے سے روکا جو دیگر اتحادی جماعتوں نے کی۔

حکومت کا ساتھ دینے کے فیصلے کے متعلق مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین پہلےدن سےآن بورڈ تھے، ان کیساتھ مشاورت سے فیصلہ کیا گیا۔

علیم خان کے نیب کیسز کو لیکر عمران خان پر الزامات کے ردعمل میں مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ مجھ پر بھی نیب کیسز تھے، ہم نے قانون کا سامنا کیا، اور بری ہوئے، اس میں بچوں کی طرح رونے کی کیا ضرورت ہے؟

یاد رہے کہ دو روز قبل پریس کانفرنس میں علیم خان نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے دور رکھنے کیلئے مجھ پر نیب کیسز بنوائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved