ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے از خود نوٹس کیس میں پیپلز پارٹی کے وکیل اور سینیئر رہنما فاروق ایچ نائیک نےکہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ عدالت اپنے فیصلے میں الیکشن کرانےکا کہےگی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ عدالت اسپیکر کی رولنگ کو مسترد کردے گی تاہم انہیں یہ بھی لگ رہا ہےکہ الیکشن کا عمل شروع ہوگیا ہے اور عدالت الیکشن کرانےکا کہےگی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو اب سے کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔
Democracy is the best revenge!
Jiya Bhutto!
Jiya Awam!
Pakistan Zindabad.— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 7, 2022
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے آج کی سماعت میں ریمارکس دیے کہ ایک بات تو ہمیں نظر آرہی ہے کہ اسپیکر کی رولنگ غلط ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ قومی مفاد اور عملی ممکنات دیکھ کر ہی آگے چلیں گے، آج روپے کی قدر گرگئی ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت 190 روپے تک پہنچ چکی ہے، اسٹاک مارکیٹ بھی نیچے گر رہی ہے،ایک شہری کے طور پرکہتا ہوں کمزور نہیں مضبوط حکومت چاہیے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران اسمبلیاں تحلیل نہیں کی جاسکتیں، ایساکرنا آئین کے منافی ہے، اسمبلی تحلیل نہ ہوتی تو ممکن تھا اپوزیشن کچھ کرلیتی، اصل مسئلہ اسمبلی تحلیل ہونے سے پیدا ہوا، 172اراکین کی ضرورت تحریک عدم اعتماد پیش کرنےکیلئے نہیں، ووٹنگ کیلئےہوتی ہے، اسپیکر کی رولنگ نے اسمبلی توڑنےکا راستہ ہموار کیا، دیکھنا ہے یہ کوئی آئین کے مینڈیٹ کو شکست دینے کا گریٹر ڈیزائن تو نہیں؟ اگرکوئی بھی ناکام ہورہا ہو تو ایسے رولنگ لاکر نئے الیکشن کرالے، انتخابات پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔