سپریم کورٹ کے فیصلے پر میاں نوازشریف کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

7  اپریل‬‮  2022

ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دئیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

لندن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کو ایک ایسے شخص سے نجات ملی ہے، جس نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہیں، پاکستانی قوم کو آج ایک ایسے شخص سے نجات ملی ہے جس نے پاکستان کے عام آدمی کو بھوکا مار دیا، اس نے پاکستان کو کنگال کرکے رکھ دیا، اور ملک کو ایسے حالات میں پہنچا دیا ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ڈالر 190 روپے کا ہوگیا ہے، پاکستان کے معاشی حالات کے باعث لوگ مہنگائی کے ہاتھوں اتنے تنگ ہیں جس کو بیان نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر آج عوام کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، آج کا دن بہت مبارک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو داد دونگا، جن کی کاوشوں کے باعث آج اللہ نے ان سب کو سرخرو کیا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کو بھی کالعدم کرتے ہوئے وفاقی کابینہ بحال کر دی گئی ہے۔

فیصلے میں اسپیکر کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل کو بلایا جائے، اور فوری طور پر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved