ایشیائی ترقیاتی بینک اورایل ڈی سی نے جمعرات کو 100 ملین ڈالرقرضہ کے معاہدے پردستخط کردئیے ہیں جس کے تحت پاکستان انڈونیشیا تھائی لینڈ اور ویتنام میں 50,000 سے زیادہ چھوٹے کسانوں کو معاونت فراہم کی جائیگی۔
اسلام آباد – (اے پی پی): ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق معاہدے کے تحت متعلقہ ممالک میں چھوٹے کسانوں کو فصلوں کی انوینٹری میں کے حوالہ سے آپریشنز میں معاونت فراہم کی جائیگی۔
اے ڈی بی نے کہاہے کہ معاہدے سے غذائی رسد کی زنجیر کو محفوظ بنانے اور چھوٹے کسانوں کے لیے قابل اعتماد آمدنی میں اضافہ کوممکن بنایاجاسکے گا۔ بینک کے نائب صدر برائے پرائیویٹ سیکٹر آپریشنز نے بتایا کہ چھوٹے کسان پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں اور کوویڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں آمدنی میں کمی، فصلوں اور خوراک کے ضیاع اور سپلائی چین میں خلل پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے سے کسانوں کو قابل بھروسہ آمدورفت یقینی بنانے، روزگارکے تحفظ اور اثاثوں کو محفوظ رکھنے میں مددملے گی۔ اے ڈی بی نے کہا ہے کہ بینک غربت کے خاتمے کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک خوشحال، جامع، لچکدار، اور پائیدار ایشیا وبحرالکاہل کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔