مشیر خزانہ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ حکومت عام آدمی کو اشیائے خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کیلئے کوشاں ہے، شوگر ملز مالکان جلد از جلد پیداوار شروع کریں تاکہ طلب اور رسد میں توازن قائم کیا جا سکے۔
اسلام آباد –(اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین سے منگل کو چیئرمین چوہدری ذکا اشرف کی سربراہی میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام، وزیر برائے بجلی و توانائی حماد اظہر، چوہدری مونس الہٰی، وزیر آبی وسائل، چیئرمین پی ایس ایم اے پنجاب، سندھ اور کے پی زون، سیکریٹری این ایف ایس اینڈ آر، سیکریٹری صنعت و پیداوار اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پی ایس ایم اے کے وفد نے بتایا کہ شوگر انڈسٹری کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور ان مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت سے مدد مانگی گئی۔ پی ایس ایم اے کے وفد نے شوگر انڈسٹری کے لیے ریلیف اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت سے مداخلت کی مزید درخواست کی۔وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات نے کہاکہ حکومت شوگر انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔مشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل دونوں فریقین کے درمیان باقاعدہ ہم آہنگی اور باہمی تعاون سے حل کئے جائیں گے۔
مشیر خزانہ نےاس بات پر زور دیا کہ عام آدمی کو مناسب قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی موجودہ حکومت کی توجہ کا مرکز ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مشیر نے پی ایس ایم اے کے اراکین پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد پیداوار شروع کریں تاکہ طلب اور رسد میں توازن برقرار رہے۔پی ایس ایم اے کے اراکین نے شوکت ترین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور عام آدمی کو سستی قیمت پر چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔