سیمی فائنل میں آسٹریلیاء کے خلاف جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، بابر اعظم

9  ‬‮نومبر‬‮  2021

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے، ٹورنامنٹ کا اہم میچ ہے، اس روز اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں بھی مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں گے، ہر میچ میں تھوڑی بہت کمزوریاں نظر آئی ہیں،کبھی بیٹنگ کبھی بولنگ تو کبھی فیلڈنگ میں خامیاں ہوئیں، اچھی بات یہ ہے کہ ان خامیوں کو دور کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بائیو سیکور ببل ایک مشکل زندگی ہے، دو سے ڈھائی سال ببل میں رہ کر کرکٹ کھیلی ،سیکیور ببل کی وجہ سے اگر کوئی کھلاڑی پریشان ہوتا ہے تو ملکر اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، سیکیور ببل میں گروپ ایکٹیویٹی ہوتی رہتی ہیں۔

جو کھلاڑی مانگے وہ ملے، اسلئے کھل کر فیصلے کئے

ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کی نمبر ون ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جو کھلاڑی مانگے تھے وہ ملے جس کی وجہ سے کھل کر فیصلے کئے، آٹھ سے دس کھلاڑی وہ ہی ہیں جو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ تھے، اچھی بات یہ ہے کہ ہر میچ میں نیا کھلاڑی مین آف دا میچ ہوتا ہے اور بحیثیت کپتان یہ میرے لئے اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ کپتانی کی ذمہ داری لی،  سب نے اعتماد دیا اس وجہ سے فیصلے کرنے میں آسانی ہوئی، کپتانی سیکھ رہا ہوں اور یہ عمل جاری رہے گا۔

حسن علی کو ٹیم سے نہیں نکال سکتا

حسن علی کی باولنگ کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت کپتان حسن علی کو باہر نہیں کرسکتا، حسن علی کو ایسے موقع پر بیک کرنے کی ضرورت ہے وہ ضرور کم بیک کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 11کے گیارہ کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے، جیت ٹیم کی مجموعی کوششوں سےملتی ہے۔

اوپنرز آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بھی رنز بنا رہا ہے

 بابر اعظم نے کہا کہ پاور پلے میں کبھی کنڈیشن تو کبھی حکمت عملی کے ساتھ تیز رنز نہیں بنتے، اچھی بات ہے اگر اوپنرز جلد آؤٹ  بھی ہوجائیں تو مڈل آرڈر اسکور کررہا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved