آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہونے کی صورت میں اپوزیشن جماعتوں نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں نماز مغرب اور افطار کے وقفے کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ توہین عدالت کی درخواست کی تیاری کی ذمہ داری زاہد حامد کو سونپ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آج کے قومی اسمبلی اجلاس میں تاحال تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہو سکی، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے رات 9 بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے 7 اپریل کے فیصلے میں تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کو بھی کالعدم کرتے ہوئے وفاقی کابینہ بھی بحال کر دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں اسپیکر کو ہدایت کی گئی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل کو بلایا جائے، اور فوری طور پر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔