نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے شوہر عصر ملک کی ملاقات کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے بتایا ہے کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک کا تعلق لاہور کی پنجابی فیملی سے ہے اور وہ مڈل کلاس کے نوجوان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملالہ اور عصر ملک کی ملاقات دو سال پہلے برمنگھم میں اس وقت ہوئی جب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچز جاری تھے۔
سینئر صحافی نے مزید بتایا کہ کرکٹ بورڈ کے لوگوں کو اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب عصر ملک کی سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ماجد بھٹی کا کہنا تھا کہ ’عصر ملک نے ڈیڑھ دو ہفتے قبل پی سی بی کو ملالہ سے اپنی شادی کے بارے میں آگاہ کیا تھا جب کہ چند روز قبل ملالہ کی پی آر کمپنی نے بورڈ کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے عصر سے متعلق کچھ چیزیں کنفرم کیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملالہ یوسفزئی کی ابھی رخصتی ہونا باقی ہے جس سے متعلق کہا جارہا ہےکہ رخصتی کے بعد ان کے شوہر عصر ملک مستقل طور پر برطانیہ ہی منتقل ہوجائیں گے تاہم رخصتی کے حوالے سے تاحال کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی، دونوں کی فیملیز کچھ وقت کے بعد مناسب وقت دیکھتے ہوئے مزید چیزیں طے کریں گی۔