پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے استعفوں کی صورت میں صرف عام انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہو گا۔
اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے استعفے دے دئیے تو کسی مائی کے لال میں ضمنی انتخابات کی جرات نہیں ہو گی، صرف عام انتخابات ہی واحد حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضمنی انتخابات کرائے گئے تو یہ عوام کیساتھ زیادتی ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کور کمیٹی نے پارٹی چیئرمین کو استعفوں کی تجویز دی ہے، اگر شہباز شریف کی بطور وزیراعظم نامزدگی پر ہمارے اعتراضات نہیں سنے جاتے تو آج ہی استعفے پیش کر دیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے استعفوں کی تردید کر دی ہے۔