تحریک عدم اعتماد کے پیچھے رتی برابر بھی بیرونی سازش ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا، وزیراعظم

11  اپریل‬‮  2022

نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی خط میں اگر رتی برابر بھی بیرونی سازش ثابت ہوئی تو وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہو کر گھر چلا جاؤں گا۔

وزیراعظم کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عوام اور ایوان کے ارکان جاننا چاہتے ہیں کہ اس غیر ملکی خط کی حقیقت کیا ہے، عدم اعتماد کے حوالے سے ہم کئی دن پہلے فیصلہ کرچکے تھے، اگر یہ جھوٹ ہے تو سب کے سامنے آنا چاہیے تاکہ یہ بحث ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے، میں بطور منتخب وزیراعظم کے کہتا ہوں کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی میں خط پیش کیا جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود ہوں، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری  خارجہ اور وہ سفیر بھی ہوں، میں بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ اگر اس حوالے سے رتی برابر ثبوت مل جائے کہ ہم کسی بیرونی سازش کا شکار ہوئے یا ہمیں کسی بیرونی وسائل سے مدد ملی تو میں ایک سیکنڈ میں وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا، میں پہلی فرصت میں اِن کمیرا سیشن کا انتظام کروا کر خط پر بریفنگ کرواتا ہوں۔

نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی تھی، میری میثاق معیشت کی پیشکش کا دو مرتبہ حشر نشرکیا گیا، یہ زعم اور تکبر میں نہ ہوتے تو وہ پیشکش قبول کرتے، آج ملک آگے جارہا ہوتا، پاکستان رواں مالی سال سب سے بڑا بجٹ خسارہ کرنے جارہا ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہونے جارہا ہے ، 60 لاکھ لوگ بیروزگار اور 2 کروڑ سے زائد خط غربت سے نیچے جاچکے، انھوں نے کھربوں کے قرض لیے ایک اینٹ تک نہیں لگائی، فرنٹ مین کے ذریعے کسان کو کھاد مہنگی دی گئی ،پچھلے ماہ حکومت نے گندم اور کھاد کو اسمگل کروایا، پاکستان گندم اور چینی کا برآمدکنندہ تھا اور آج درآمدکنندہ بن گیا،میں یہاں کیا کیا بات کروں، فیکٹریوں کی چمنیاں بند ہوگئیں، آج ہم ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کررہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved