آج شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی حکومتی اتحاد میں پھوٹ واضح ہو کر سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آج بطور وزیراعظم پہلی تقریر میں ایم کیو ایم کے پیپلز پارٹی کیساتھ اور (ن) لیگ سمیت دیگر جماعتوں کیساتھ معاہدوں کا ذکر کرنا چاہیے تھا۔
ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ شہبازشریف کو خطاب میں کراچی پیکج کا اعلان کرنا چاہیے تھا، ہمارے جو سندھ اور وفاق کے حوالے سے معاہدے ہوئے تھے ان کا بھی ذکر کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو محفل سجی ہے وہ ایم کیو ایم کے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کیساتھ معاہدے کے باعث سجی ہے، شہباز شریف اسی معاہدے کی وجہ سے وزیراعظم بنے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر وسیم اختر نے مہمان گیلری میں بھی خالد مقبول صدیقی اور امین الحق سے شکوہ کیا کہ شہبازشریف کی تقریر میں ایم کیو ایم کا کہیں بھی ذکر نہیں تھا۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ یہ ہمارا شکوہ ہے شہبازشریف سے، اسے سنا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف 174 ووٹوں کیساتھ وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔