عظم سواتی اپنے وکیل علی ظفر کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی۔
الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیر اعظم سواتی کی الیکشن کمیشن کے خلاف بیان بازی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔اعظم سواتی اپنے وکیل علی ظفر کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے۔ اعظم سواتی سے اظہار یکجہتی کےلیے پی ٹی آئی اراکین کی بڑی تعداد میں پیش ہوئے۔وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کا دوسرا نوٹس نہیں ملا، ہمیں آج پتہ چلا کہ الیکشن کمیشن نے دو نوٹس جاری کیے ہیں، گزارش ہے کہ نوٹس دے دیں تاکہ جواب دے سکوں۔ الیکشن کمیشن رکن نے کہا کہ اگلی سماعت پر چارج فریم کریں گے۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا ہماری ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن کو شفاف الیکشن کے لئے قانون بناکر دینگے ، 2023 کا الیکشن شفاف ترین ہوگا، اراکین اسمبلی ، وزراء کے آنے سے الیکشن کمیشن کا وقار بلند ہوا۔
یاد رہے 10 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔