مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر امریکہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکی مفادات کیلئے اہم ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کیلئے اہم سمجھا ہے، پاکستان میں قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق پریس بریفنگ میں جین ساکی سے سوال کیا گیا کہ کیا جوبائیڈن شہباز شریف کو فون کریں گے؟
اس کے جواب میں جین ساکی نے کہا کہ مستقبل میں فون کالز کے لحاظ سے، میرے پاس اس وقت کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف 174 ووٹوں کیساتھپاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔