سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آزادی کی حفاظت قوم کرتی ہے، کوئی فوج یا دوسری قوت اس کی حفاظت نہیں کر سکتی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ یہ حکومت ایک سازش کے تحت قوم پر مسلط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج جلسے میں اس کے متعلق بات کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پشاور جلسے میں قوم کو سب سے بڑا پیغام یہ دوں گا کہ اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت قوم کرتی ہے، کوئی فوج یا کوئی اور طاقت اس کی حفاظت نہیں کر سکتی۔
عمران خان کا پشاور جلسہ کے لیے ویڈیو پیغام#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/XOU2P53i4Y
— PTI (@PTIofficial) April 12, 2022
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس لئے میں آپ کے پاس آ رہا ہوں اور ہم سب نے مل کر پوری تحریک چلانی ہے کہ فوری طور پر ملک میں عام انتخابات کروائے جائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی سے استعفے دینے اور ملک گیر رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی ملک بھر میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔