وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اتحادی جماعتوں کے قائدین سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کے روز جاری بیان کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف مولانا فضل الرحمان کی رہائش پر بھی گئے اور ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سردار اختر مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی، شاہ زین بگٹی اور اسلم بھوتانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کے منصب پر اپنی نامزدگی، حمایت میں ووٹ دینے اور تعاون پر فرداً فرداً سب قائدین، راہنماؤں اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی جذبے اور باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں گے جس کے ذریعے اس منزل تک پہنچے ہیں ۔ انہوں نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو یقین دلایا کہ اتحاد، مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور مل کر مسائل حل اور وعدے پورے کریں گے۔