وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادیوں سے مشاورت مکمل کر لی

12  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادی جماعتوں اور پارٹی سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی جبکہ مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش پر ملاقات کی۔

علاوہ ازیں  وزیراعظم شہباز شریف نے سردار عطاء اللہ مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی سے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کے منصب پر اپنی نامزدگی، حمایت میں ووٹ اور تعاون پر سب قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے وفاقی کابینہ کی تشکیل سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسی جذبے اور باہمی اعتماد سے آگے بڑھیں گے جس کے ذریعے ہم اس منزل تک پہنچیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، مشاورت اور تعاون کے جذبے سے چلیں گے، مل کر مسائل حل کریں گے، اور وعدے پورے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے حتمی مشاورت کر لی گئی ہے، پیپلز پارٹی بھی کابینہ کا حصہ ہو گی، جبکہ تمام اتحادی جماعتوں کو طے شدہ فارمولے کے مطابق وزارتیں دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں جلد اپنے وزراء کے نام وزیر اعظم کو بھجوائیں گی، جبکہ ن لیگ کے وزراء کی حتمی منظوری میاں نواز شریف دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved