تحریک انصاف کے بعد اب مسلم لیگ (ن) بھی عوامی طاقت کے مظارے کے لیے میدان میں آگئی ہے۔
تحریک انصاف اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اب تک مختلف شہروں میں عوامی طاقت کے مظاہرے کرچکی ہے۔بدھ کو پشاور کے بعد ہفتے کو کراچی میں تحریک انصاف جلسہ عام کی تیاریاں کررہی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بھی جلسوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔(ن) لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔جلسوں کا شیڈول دو مرحلوں میں جاری ہوگا، پہلے مرحلے میں پنجاب اور کے پی کے جلسے کیے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں بلوچستان اور سندھ میں جلسوں کا انعقاد کیا جاے گا۔جلسوں کا شیڈول نواز شریف کی مشاورت کے بعد جاری ہوگا، جلسوں کا انعقاد نواز شریف کی ہی ہدایات کی روشنی میں کیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن) اپنا پہلا جلسہ اپنے سیاسی گڑھ لاہور میں کرے گی۔ مریم نواز جلسوں سے خطاب کریں گی۔
واضح رہے کہ وفاق میں تحریک انصاف کے مخالف سیاسی اتحاد کی حکومت قائم ہوچکی ہے اور ملک کے وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) ہی کے صدر شہباز شریف ہیں۔شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالے 2 روز ہوگئے ہیں تاہم اب تک کابینہ کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے۔