وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے تین بڑے ہسپتال سندھ حکومت کو واپس دینے کا وعدہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو سندھ حکومت کے میگا پراجیکٹس سے متعلق آگاہ کیا، اور سابق وفاقی حکومت کی سندھ کیلئے مختص رقم میں کٹوتیوں سے متعلق بھی وزیراعظم کو بتایا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف کو کراچی کے تین بڑے ہسپتالوں پر بریفنگ میں بتایا کہ 2011ء میں جناح ہسپتال، کارڈیو اور بچوں کا ہسپتال حکومت سندھ کو دیا گیا تھا، حکومت سندھ نے 2011ء سے لے کر اب تک ان اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا، 2011ء میں این آئی سی وی ڈی کا خرچہ 30 کروڑ روپے تھا، جبکہ اس وقت این آئی سی وی ڈی کا سالانہ خرچہ 6 ارب روپےہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ایک روزہ دورۂ کراچی
وزیر اعظم محمد شہباز شریف وزیرِ اعلی ہاؤس سندھ پہنچ گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم، وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کے علاوہ صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ pic.twitter.com/N2T1SiFFPV
— Prime Minister's Office (@PMO_PK) April 13, 2022
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مارچ 2019ء میں جے پی ایم سی کیلئے ایک بورڈ بنایا، بورڈ ابھی تک کام نہیں کررہا، بورڈ سے ہسپتال کی پرفارمنس خراب ہوگی، سال 2019ء میں وفاقی کابینہ نے 3 بڑے اسپتال سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا۔وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے کراچی کے تینوں بڑےہسپتال حکومت سندھ کو دینے کی درخواست کی۔ اس پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ان ہسپتالوں کا کنٹرول سندھ حکومت کو دیا جائے گا اور وفاقی حکومت ہسپتالوں سے متعلق فیصلےکا جائزہ لیکر معاہدے کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی اور کے سی آر کے معاملات میں خود دیکھوں گا،کمیٹی بناؤں گا،دیگر جو بھی مسائل ہیں ان کو حل کریں گے۔