پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کو تھپڑ رسید کرنے کی خبروں پر حمزہ شہباز نے خاموشی توڑ دی ہے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ لاہور کے علاقے گلبرگ کے ایک ہوٹل میں علیم خان اور حمزہ شہباز کی آپس میں لڑائی ہوئی ہے، جس میں حمزہ شہباز نے علیم خان کو تھپڑ دے مارا ہے۔ انہوں نے کہ کہا کہ اس لڑائی کی وجہ وہ یقین دہانی ہے جو ن لیگ کی جانب سے علیم خان کو کرائی گئی، کہ انہیں چند نشستوں کیساتھ اسپیکر شپ دی جائے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے اور علیم خان کے حوالے سے بے بنیاد اور جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ علیم خان بھائی اور سینئر سیاست دان ہیں۔
علیم خان کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یہ جھوٹی خبریں اور پراپیگنڈا مہم چوہدری پرویز الہٰی کو شکست سے نہیں بچا سکتی، سوشل میڈیا پر ایسی بھونڈی حرکتوں سے پرویز الہیٰ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ بہتر ہے وفاق کے بعد پنجاب میں بھی ہار تسلیم کرلیں، ہم سب متحد ہیں، اور عبدالعلیم خان غیر مشروط طور پر اپوزیشن کا ساتھ دے رہے ہیں، حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔