وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کے علاوہ کراچی میں پانی کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کراچی کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر حاضری دے کر خراج عقیدت پیش کیا۔ ہم قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے اور کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو بھی حل کریں گے اور سندھ حکومت کے ساتھ چلیں گے
اس سے قبل نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے کراچی پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور اکرم درانی بھی تھے۔
وزیر اعظم نے بعد ازاں بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا تاہم خالد مقبو ل صدیقی کا کہنا تھا کہ کچھ بھی طے نہیں ہوا وزیر اعظم کا دورہ رسمی تھا ۔