پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان سیاسی بحران کا شکارہوچکاہے اور اس سیاسی بحران سے نکلنے کا واحدحل الیکشن ہے۔
الیکشن کاجلد فیصلہ پاکستان کے لیےبہترہوگا، پاکستان کےعوام خود باہرنکل رہےہیں، عمران خان نےسیاسی تاریخ میں ایک اورنیاباب رقم کردیاہے۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر استعفوں کو پراسیس کر رہے ہیں، عمران خان نے تمام ایم این ایز کی رائے لینے کے بعد بڑا واضح فیصلہ کیا ہے، پہلے متضاد رائے تھی لیکن حتمی فیصلے کے وقت 90 فیصد ایم این ایز استعفوں پر متفق تھے۔ فی الحال قومی اسمبلی سے مستعفی ہوئے ہیں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے، ابھی اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ملک دشمنوں کی ترجیح فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے لیکن عمران خان ایسا نہیں ہونے دیں گے۔