سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے عطرالکلام نامی مقابلہ حسن قرات کا انعقاد

13  اپریل‬‮  2022

سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے عطرالکلام نامی مقابلہ حسن قرات و حسن اذان کا انعقاد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی  عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام عالمی مقابلہ حسن نعت و قرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے قراء اور موذن حصہ لے رہے ہیں۔

مذکورہ مقابلے میں حصہ لینے کیلئے دنیا بھر کے 80 ممالک سے 40 ہزار سے زائدافراد نے اپلائی کیا، جن میں سے مقابلے کے فائنل مراحل کیلئے 36 افراد کا انتخاب کیا گیا۔

یہ دنیا بھر میں اپنی منفرد حیثیت کا واحد پروگرام ہے جس میں حسن قرات اور حسن اذان کے مقابلوں کو یکجا کیا گیا ہے۔

اس مقابلے کی ریکارڈ کی گئی 19 اقساط  رواں ماہ رمضان میں سعودی چینلز پر نشر کی جائیں گی، جبکہ فائنل مقابلے کو بھی بعد ازاں سعودی چینلز پر نشر کیا جائے گا۔

عطرالکلام میں مقابلہ حسن اذان میں شریک موذن

سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے اس پروگرام کا آغاز 2019ء میں کیا، جس کا مقصد دنیا بھر میں موجود قراء اور موذنین کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا۔

مقابلے کے انعامات

عطرالکلام میں مجموعی طور پر 12 ملین سعودی ریال یعنی 3.2 ملین امریکی ڈالر کی رقم انعامات کے طور پر تقسیم کی جائے گی۔ مقابلہ حسن قرات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 ملین، دوسری پوزیشن والے کو 2 ملین، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک ملین جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 0.5 ملین سعودی ریال کی انعامی رقم دی جائے گی۔

مقابلہ حسن اذان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 2 ملین، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 1 ملین، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے 0.5 ملین جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے موذن کو 0.25ملین سعودی ریال انعامی رقم دی جائے گی۔

سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے دنیا بھر سے قراء اور موذنوں کی اس مقابلے میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بہترین اقدامات کئے، جس کے تحت مقابلے میں اپلائی کرنے کیلئے سعودی عرب جانا ضروری نہیں تھا۔ اپلائی کرنے والوں کیلئے آن لائن 4 مرحلوں کا اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے دونوں کیٹیگریز یعنی حسن قرات و حسن اذان کیلئے مجموعی طور پر 36 افراد کا انتخاب کیا گیا۔ ان میں سے 18 افراد مقابلہ حسن قرات اور 18 افراد کا انتخاب مقابلہ حسن اذان کیلئے کیا گیا ہے۔

مقابلے میں پوزیشنز کا فیصلہ کرنے کیلئے پروگرام کی سیکرٹری جنرل سمیت  18 ممبرز پر مشتمل جیوری پینل ہو گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہونے والا یہ مقابلہ حسن قرات و حسن اذان شرکاء اور انعامی رقوم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved