روس کے بحر اسود میں بحری جہازمیں دھماکےسے شدید نقصا ن

14  اپریل‬‮  2022

بحر اسود میں موجود روس کے ایک جنگی بحری جہاز میں ہونے والے دھماکے سے شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جبکہ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اُس کی جانب سے روسی جنگی بحری جہاز پر کیا گیا میزائل حملہ تھا۔

فرانس کی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے آج بروز جمعرات کو روس کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ موسکوا نامی روسی جنگی بحری جہاز میں نصب میزائل کروزر میں آگ لگنے کے باعث قریب رکھا دیگر اسلحہ دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

یوکرین کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی فوج نے اپنے نیپچون نامی دو اینٹی شپ کروز میزائلوں سے روسی جنگی بحری جہاز موسکوا میں نصب میزائل کروزر کو نشانہ بنایا ہے۔ اُدھر روس کی وزارتِ دفاع نے بھی اپنے جاری کردہ ایک بیان میں تسلیم کیا ہے کہ مذکورہ واقعے میں اُس کے جنگی بحری جہاز موسکوا کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع کا مزید کہنا ہے کہ بحر اسود میں موجود اُس کے جنگی بحری جہاز میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ عملے کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

اگر یوکرین کے دعوے کو درست مان لیا جائے تو روس کے حملے کے بعد موسکوا دوسرا روسی جنگی بحری جہاز ہے جسے شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ یوکرین نے روس کے آرسک نامی جنگی بحری جہاز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

خیال رہے کہ روس نے رواں برس 24 فروری کو یوکرین پر فوجی آپریشن کے نام پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد لاکھوں یوکرینی باشندوں کو دیگر ممالک کی جانب نقل مکانی کرنا پڑی۔

امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے روس پر سخت معاشی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved