نجی ٹیوی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے سیاسی عمل میں مداخلت نہیں ہوگی، ہمارا ماضی تلخ ہے لہذا اس کو حوصلہ افزا سمجھنا چاہئے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آئین وقانون کی حکمرانی واحد ترقی کا راستہ ہے، عمران خان عوام کو نفرت کی سیاست کا نیا رنگ دکھائیں گے، عمران خان نے نیا پاکستان لانے کی باتیں کیں، عمران خان نے کہا تھا میں کسی کرپٹ کو قبول نہیں کروں گا اور پھرعمران خان نے تمام کرپٹ لوگوں کو،مافیاز کو قبول کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ کامیاب تھا، حکومت کے اپنے لوگ انہیں چھوڑ کر چلے گئے جب کہ موجودہ حکومت میں وزارتوں پر ہماری کوئی لڑائی نہیں ہے۔
پاکستان سے فوجی اڈوں سے متعلق سوال پر قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ معید یوسف نے بھی وضاحت کردی تھی کہ امریکا نے اڈے نہیں مانگے جب کہ عمران خان نے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق کہا کہ یہ غلط لوگوں کے ہاتھ میں ہیں۔
واضح رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اس بات کی تردید کی کہ امریکا نے پاکستان سے فوجی اڈے مانگے، انہوں نے کہا کہ امریکا نے فوجی اڈے مانگے اور نہ ہم نے دیے، اگر مانگتے بھی تو پاک فوج کا وہی موقف ہوتا جو وزیراعظم کا تھا۔