پارلیمنٹ کے وقار کا خیال رکھتے ہوئے ہم اس میں مداخلت نہیں کرتے،اجلاس 22 اپریل کو ہو جائےگا، اسلام آبادہائیکورٹ

15  اپریل‬‮  2022

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کرنے کیخلاف فوری حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے اقدام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔وکیل نے دلائل دیے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 16اپریل کے لیے شیڈول تھا۔ اجلاس کو 16 سے 22 اپریل تک ملتوی کردیا گیا۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ یہ توپارلیمان کی اندرونی کارروائی ہے تاریخ بھی مقررہوچکی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب 22 اپریل کو ہو جائے گا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے وقار کا خیال رکھتے ہوئے ہم اس میں مداخلت نہیں کرتے۔ پارلیمنٹ کی بہت بے توقیری ہوگئی ہے کسی پرشک کرنے کی وجہ بھی نہیں ہے۔ آپ نے پارلیمان کی کاروائی میں مداخلت نا کرنے کے معاملے پر بھی مطمئن کرنا ہے۔جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کی کیا وجہ بتائی گئی ہے؟وکیل نے جواب دیا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو 22اپریل تک ملتوی کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کے خیال میں کیا وجہ ہوسکتی ہے؟ایڈووکیٹ منصور اعوان نے کہا کہ یہ صرف معاملے کو طول دینے اور تاخیری حربے استعمال کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کیخلاف فریقین سیکریٹری قومی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر اور وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 22 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔وکیل درخواستگزار کی 22 اپریل کے بجائے پیرکو جواب طلبی کی استدعا مسترد کی گئی جس ہر وکیل نے کہا کہ اگر 22 اپریل تک کیس ملتوی کرنا ہے تو درخواست واپس لے لیتا ہوں۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ آپ پارلیمنٹ کا تھوڑا احترام کریں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved