سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے وزیراعظم کشمیر کا انتخاب کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر اسمبلی اور سیکرٹری اسمبلی کو ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے قائد ایوان کے انتخاب سے روک دیا تھا، جس پر پی ٹی آئی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار سردار تنویر الیاس نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
آزاد جموں سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ نے مظفرآباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر رٹ پر سماعت کی۔ عدالت عظمیٰ نےوزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا حکم دیا اور اسمبلی کا نیا اجلاس طلب کرکے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لانے کا حکم جاری کردیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عدالتی جنگ سے بچنے کیلئے متبادل آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر آزاد کشمیر سے آئین کے آرٹیکل 16 ذیلی آرٹیکل 3 کے تحت وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز زیر غور ہے، اور اسپیکر کی طرف سے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر نے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔