پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تحریک عدم اعتماد اور امریکی سازش پر ملکی اداروں سے بڑا سوال کیا ہے۔
کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک میر جعفر کو پاکستان کے اوپر مسلط کر دیا گیا ہے، میرجعفرغدار تھا، جس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر غداری کی، اور بنگال انگریزوں کے پاس چلا گیا، سازش کے تحت ایک میرجعفر کو ہم پر مسلط کیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تین چار ماہ قبل امریکیوں نے ہمارے لوگوں سے ملنا شروع کیا، ہمارے منحرف لوگوں سے بھی امریکی سفارت کاروں نے ملنا شروع کردیا تھا ، امریکہ میں ہمارے سفیر کی امریکی اہلکار ڈونلڈلو سے ملاقات ہوتی ہے ، جو ہمارے سفیر کو دھمکی دیتا ہے۔ڈونلڈ لو نے ہمارے سفیر کو کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو پاکستان کو معاف کر دیا جائے گا، اس نے بائیس کروڑ لوگوں کی قوم کو دھمکی دی ، ایک منتخب وزیر اعظم کو دھمکی دی گئی۔ اس نے کہا کہ اگر یہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نے ہوئی تو اس خطرناک نتائج ہوں گے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم تو میں تھا، امریکیوں نے کس کو مخاطب کر کے کہا کہ عدم اعتماد کامیاب کرواؤ ورنہ خطرناک نتائج کیلئے تیار ہو جاؤ؟
عمران خان نے کہا کہ پھر ان ملاقاتوں کے بعد ہمارے 20 ارکان کے ضمیر جاگ گئے، بیس پچیس کروڑ جیبوں میں ڈال لئے، ہمارے اتحادی بھی ہمیں چھوڑ گئے، پاکستانیوں بتاؤ یہ سازش تھی یا نہیں؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر عدم اعتماد ملتوی کردیتے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے ہاتھ پیر باندھ دیتا ہے، میں نے کیا جرم کیا تھا جو رات بارہ بجے عدالتیں کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ رات گئے عدالتیں کھلنے کی بات یاد رہے گی۔