رواں مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
(اے پی پی): اوورسیز پاکستانیوں کے روزگار اور حقوق کی محافظ ایجنسی نائٹ ہیومن مینجمنٹ کے سربراہ خالد نوازنے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ورکرز نے رواں مالی سال کے دوران اب تک 23 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زربھجوائیں جو کہ ملکی معیشت کے استحکام کےلئے سب سے بڑا ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں، جبکہ آنے والے ماہ و سال کے دوران ان ترسیلات زر میں 10 فیصد تک اضافہ متوقع ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات گلف اور دیگر ممالک میں پاکستانی ورکروں کےلئے روزگار کے مزید اور اچھے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جس سے تخفیف غربت اور بے روزگاری میں کمی کے ساتھ ساتھ ہماری معیشت بھی استحکام پکڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور بے روزگاری کے خاتمے میں اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا کردار کلیدی ہے اور متعلقہ حکومتی اداروں کے سرگرم تعاون سے اوور سیز جابز میں ایک تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
خالد نواز نے مزید کہا کہ مارچ کے مہینے میں کم و بیش 8 فیصد اضافے کے ساتھ اوورسیز ورکروں نے 2.8 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائیں جو انتہائی حوصلہ افزاءہیں ۔