عوام کو ریلیف دینے کیلئے احساس راشن پروگرام کا اجرا

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

حکومت نے مستحق افراد کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کے لیے باضابطہ طور پر احساس راشن پروگرام کا اجراء کردیا، پروگرام سے 2 کروڑ خاندانوں کے 13 کروڑ افراد مستفید ہو سکیں گے۔
خیبر پختونخوا کے 2 کروڑ سے زیادہ کم آمدنی والے شہری احساس راشن پروگرام سے 30 فیصد سبسڈی پر آٹا، گھی اور دالیں قریبی کریانہ اسٹور سے خرید سکیں گے۔مستحق شہری احساس راشن پروگرام کی ویب سائٹ پر جائے گا اور اپنا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کا انداراج کرے گا، جانچ پڑتال کے بعد اگر کوائف درست پائے گئے تو اسے راشن کی خریداری پر رعایت ملے گی۔احساس راشن پروگرام کے لیے صوبائی حکومت نے 15 ارب روپے جبکہ وفاقی حکومت نے7 ارب روپے فراہم کیے ہیں، پروگرام 6 ماہ تک جاری رہے گا جس کے تحت شہری مختص کردہ کریانہ اسٹورز سے خریداری کر سکیں گے۔صوبائی حکومت کے مطابق احساس راشن پروگرام سمیت صوبے کے عوام کو آٹے پر 10 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفط و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نےدو کروڑ خاندانوں کے لیے احساس راشن پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ یہ پروگرام مہنگائی کے تناظر میں لایا جارہا ہے اور یہ حکومت کی مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے وژن کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے 2 کروڑ خاندانوں کے 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں مستحق شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے پیر سے موبائل ایپ پورٹل کا آغاز کر دیا جائے گا جس پر شہری اپنے موبائل نمبر سے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے ذریعے رجسٹرڈ ہوسکیں گے۔ دو سے تین ہفتوں کے دوران شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔احساس راشن پروگرام کے لیے کریانہ اسٹورز کا انتخاب یونین کونسل کی سطح پر کیا جائے گا جبکہ ہر دکاندار کو اس پروگرام کی آگاہی کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved