وفاقی کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر پیپلز پارٹی میں اختلافات سر اٹھانے لگے ہیں۔
نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری وفاقی کابینہ میں شمولیت کے خلاف ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما کابینہ کا حصہ بننے کے شدید حامی ہیں۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی من پسند وزارتیں اور آئینی عہدے لینے کی خواہش مند ہے جب کہ وزارتوں کے معاملے پر (ن) لیگ نے سخت گیر موقف اپنا رکھا ہے، (ن) لیگ پیپلز پارٹی کو من پسند وزارتیں دینے سے کترا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں لیکن پارٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ لینے کی بھی خواہش مند ہے۔ن لیگ نے چیئرمین سینیٹ عہدے پر پی پی کو تاحال یقین دہانی نہیں کرائی۔
پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ جس کے بعد سب آخر میں صدر مملکت عارف علوی کو ہٹانے کے لیے مواخذے کی تحریک پیش کئے جانے کا امکان ہے۔